کاروار:24؍ستمبر(ایس اؤ نیوز)یلاپور ودھان سبھا حلقہ کے لئے ضمنی انتخابات کے پیش نظر ضلع میں ضابطہ اخلاق جاری رہنے سے شراب کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی ، سپلائی کے متعلق سخت کارروائی کرنے کی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے محکمہ ایکسائزکو ہدایات دی ہیں۔
ڈی سی دفتر میں منگل کو محکمہ ایکسائز کے افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں ڈی سی نے محکمہ کی طرف سے ضمنی انتخابات کے لئے نامزد افسران سے کہاکہ انصاف پرمبنی شفاف ضمنی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں انتخابات کے دوران کسی طرح کی لالچ کو موقع نہ دیں اور کڑی نگرانی کریں۔ اترکنڑاایک سرحدی ضلع ہونے کی وجہ سے غیرقانونی طورپر شراب کی سپلائی یا ذخیرہ اندوزی کے متعلق غفلت نہ برتیں بلکہ سخت نگرانی کریں اور صرف ضمنی انتخاب حلقہ پر ہی نہیں دیگر تعلقہ جات پر نگاہ رکھنے کو کہا۔ انہوں نے صلاح دی کہ محکمہ کی طرف سے ٹیموں کی تشکیل کرتے ہوئے غیرقانونی کاموں کو روکیں۔ خاص کر رائے دہی اور رائے شمار ی کے دن جاری کئے جانے والے امتناعی احکامات پر مکمل عمل کرنے کی ہدایات دیں۔
محکمہ ایکسائز کے افسر میرونند ن نے بتایاکہ ضمنی انتخابا ت کو لے کر ٹیموں کو تشکیل دیا جاچکاہے۔ ضلع کنٹرول روم سمیت یلاپور زون میں چار کنٹرول روم تشکیل دئیے گئے ہیں۔ یلاپور کے ایکسائز افسر کو نوڈل آفیسر کے طورپر نامزد کئے جانے کی جانکاری دی۔ ضلعی سرحد کڑی چوکسی برتی جائے گی جس کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ یلاپور کے علاوہ منڈگوڈ، سرسی تعلقہ جات میں بھی خصوصی ٹیموں کو تشکیل دئیے جانے کی بات کہی۔ضلع کنٹرول روم نمبر 08382-227094اور یلاپور تعلقہ کنٹرول روم 08419-261510پر عوام کو غیرقانونی شراب جمع کرنے اور سپلائی کرنے پر جانکاری دینےکی اپیل کی ہے۔ میٹنگ میں ضلع کے سبھی ایکسائز افسران وغیرہ شریک تھے۔